اساتذہ کی محنت، لگن، اخلاص اور قوم کے مستقبل کو سنوارنے کے عزم کا اعتراف ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پرہیرو ٹیچرز ایوارڈز اور سپیشل ٹیچرز ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد،صدارت سی ای او ایجوکیشن نے کی جبکہ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل عباس تھے.

فیصل آباد (میاں ندیم احمد 94 نیوز)عالمی یومِ اساتذہ کے موقع پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیراہتمام ہیرو ٹیچرز ایوارڈز اور سپیشل ٹیچرز ایوارڈ کی تقریب کا پیکٹا فیلڈ آفسمیں انعقاد کیا گیا جسکی صدارت چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن راؤ عبدالکریم نے کی۔جبکہ مہمان خصوصی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل عباس تھے۔ ضلع بھر کے جن معزز اساتذہ اور سکول سربراہان نے سال بھر تعلیم و تربیت، نظم و ضبط، طلبہ و طالبات کے نتائج، کلاس روم مینجمنٹ جیسے عوامل کی بنیاد پر طلبہ و طالبات کی تعداد میں اضافے، اور کمیونٹی انگیجمنٹ جیسے عناصر کی بنیاد پر مثالی کارکردگی کے جوہر دکھائے ان126 اساتذہ اور سکول سربراہان کو ہیرو ٹیچرز ایوارڈ اور سپیشل ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس موقع پرڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن چوہدری علی احمد سیان، ڈویژنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن افتخار خان نے خصوصی طور پرشرکت کی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن محمد ذاکر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن میڈم مریم شاہین، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری ایجوکیشن باقر حسین کھرل ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ایلیمنٹری ایجوکیشن عبد الغفار، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر طارق محمود،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر محمد ریاض، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ناہید چھینہ سمیت اساتذہ کی بھرپور شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ہیرو ایوارڈز کا مقصد پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بہترین خدمات انجام دینے والے اساتذہ کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، جو معیاری تعلیم کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔یہ ایوارڈ صرف ایک اعزاز نہیں، بلکہ اساتذہ کی محنت، لگن، اخلاص اور قوم کے مستقبل کو سنوارنے کے عزم کا اعتراف ہے۔اساتذہ قوم کے معمار ہیں، انہی کی بدولت پنجاب کا تعلیمی سفر کامیابیوں کی نئی منزلیں طے کر رہا ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل عباس، چوہدری علی احمد سیان،افتخار خان، راؤ عبدالکریم اور محمد ذاکر نے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے مہر و دستخط سے جاری کردہ تعریفی سرٹیفیکیٹس اور ہیرو ٹیچرز ایوارڈ بیجز میرٹ پر منتخب معزز اساتذہ کرام اور سکول سربراہان کو نوازا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فضل عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ محنت اور لگن سے پڑھانے والے اساتذہ حقیقی ہیرو ہیں۔ ہم ان تمام اساتذہ کی تہہ دل سے عزت و تکریم کرتے ہیں۔ چیف ایگزیکٹیو آفیسر راؤ عبدالکریم کا خطاب میں کہنا ہے کہ اساتذہ قوم کے حقیقی معمار ہیں جو علم کے چراغ جلا کر معاشرے کو روشن مستقبل کی راہ دکھاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ استاد کا احترام اور اُن کی خدمات کا اعتراف ایک مہذب قوم کی پہچان ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ نئی نسل کی فکری، اخلاقی اور تعلیمی تربیت میں اساتذہ کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے، اس لیے معاشرے کی ترقی و استحکام کا دار و مدار تعلیم اور اساتذہ کی عزت پر ہے۔ڈویژنل ڈائریکٹر سیکنڈری ایجوکیشن چوہدری علی احمد سیان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الف سے اللہ اور ب سے بسم اللہ پڑھنا سیکھایا جہالت کی تاریکی میں ڈوبے نابلد فرد کو تعلیم یافتہ انسان بنایا۔ اس لئے اساتذہ کا معاشرے میں ایک بلند مقام ہے۔ڈویژنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری ایجوکیشن افتخار خان نے کہا کہ استاد کا کردار کسی بھی معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ قوموں کی ترقی اور زوال اساتذہ کی محنت اور کردار سے جڑا ہوتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو معاشرے اپنے اساتذہ کا احترام کرتے ہیں وہی دنیا میں ترقی کی منازل طے کرتے ہیں۔انہوں نے اساتذہ پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داری کو عبادت سمجھ کر ادا کریں تاکہ ایک باکردار، تعلیم اور یافتہ اور مہذب نسل کی تیاری ممکن ہو سکے۔اساتذہ نے کہا کہ وزیراعلٰی پنجاب مریم نواز اور وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات، سیکرٹری تعلیم پنجاب خالد نذیر وٹو اور سی سی او ایجوکیشن راؤ عبدالکریم کے اس احسن اقدام پر مشکور ہیں۔



