قومی

مسلم امہ کا مضبوط اتحاد،مسئلہ کشمیر پر او آئی سی کا کردار،پاکستان اور ملائیشیا میں ویزوں کے جزوی خاتمے پر اتفاق،پاکستان،ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ

کوالالمپور (94 نیوز) پاکستان اور ملائیشیا نے مسلم امہ کے مضبوط اتحاد پر اتفاق کیا ہے جبکہ مسلم امہ کودرپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر بھی اتفاق کیا ہے۔ پاکستان نے ملائیشین وزیر اعظم مہاتیر محمد کو مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان کے دورے کے دوران ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ بھی طے پاگیا۔

وزیراعظم عمران خان کے دورہ ملائیشیا کے حوالے سے مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات میں دو طرفہ ، علاقائی اوربین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے انتخابات میں کامیابی پر مہاتیر محمد کو مبارکباددی ۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے ہر سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پرزور دیا گیا اور آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان ملائیشیامشاورتی اجلاس کے انعقادپر اتفاق کیا گیا۔ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون، تجارت اورسرمایہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔

اعلامیے کے مطابق مہاتیر محمد نے توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے پاکستان سے تعاون کے عزم کااعادہ کیا۔ عمران خان نے ایل این جی، پن بجلی اورتوانائی میں ملائیشین تعاون کاخیرمقدم کیا۔ پاکستان نے ملائیشین کمپنیوں کواقتصادی زون میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جبکہ حلال مصنوعات کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے کرپشن کے خاتمے کیلئے ملائیشین تجربات سے استفادہ کرنے کا اظہار کیا ۔ عمران خان اور مہاتیر محمد نے مسلم امہ کے مضبوط اتحاد اور مسلم امہ کودرپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا ۔دونوں ممالک نے قرار دیا کہ دہشتگردی کو کسی مذہب سے منسلک نہیں کیا جاسکتا۔ ملائیشیانے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔پاکستان کی جانب سے مہاتیر محمد کو مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا جبکہ مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے او آئی سی کا کرداربھی زیرغورآیا۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان ویزوں کے جزوی خاتمے کا معاہدہ بھی ہوا، ویزوں کے جزوی خاتمے کے معاہدے سے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی۔ دونوں وزرائے اعظم کی ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ملائیشین ہم منصب کودورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔

Show More

Related Articles

جواب دیں

Back to top button