آج انتخابات ہوں تو36 فیصد نوجوان پی ٹی آئی اور 33 فیصد ن لیگ کو ووٹ دیں گے، سروے رپورٹ


اسلام آباد (94 نیوز) ریسرچ اینڈ انوویشن (RAI) کی جانب سے جاری کردہ پولیٹیکل سروے 2026 میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان کے نوجوانوں میں سیاسی عمل، حکومتی کارکردگی اور مجموعی ملکی صورتحال کے حوالے سے محتاط امید پیدا ہو رہی ہے، تاہم بے روزگاری، مہنگائی اور کرپشن بدستور بڑے چیلنجز قرار دیے گئے ہیں۔
جنوری 2026 میں شائع ہونے والا یہ سروے 25 ہزار سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے، جسے 95 فیصد اعتماد کی سطح کے ساتھ مرتب کیا گیا۔ سروے کے مطابق 26 فیصد نوجوانوں کا خیال ہے کہ پاکستان درست سمت میں جا رہا ہے، جو گزشتہ سال 21 فیصد تھا، جبکہ ملک کو غلط سمت میں جاتا دیکھنے والوں کی شرح کم ہو کر 46 فیصد رہ گئی ہے ۔
سروے نتائج کے مطابق موجودہ حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نوجوانوں کی شرح 40 فیصد تک پہنچ گئی، جو پچھلے سال 27 فیصد تھی۔ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی پر اطمینان (43 فیصد) وفاقی حکومت (38 فیصد) کے مقابلے میں زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔
سیاسی جماعتوں کے حوالے سے سوال پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو گزشتہ دہائی میں ملکی ترقی میں سب سے زیادہ کردار ادا کرنے والی جماعت قرار دیا گیا، تاہم تحریک انصاف اور ن لیگ کے درمیان فرق نمایاں طور پر کم ہو چکا ہے۔ اگر آج انتخابات ہوں تو 36 فیصد نوجوان پی ٹی آئی اور 33 فیصد ن لیگ کو ووٹ دینے کے خواہاں ہیں، جبکہ 24 فیصد تاحال غیر فیصلہ شدہ ہیں ۔
نوجوانوں کے نزدیک قیادت کی سب سے اہم خصوصیات میں دیانت داری، مضبوط معاشی وژن، شفافیت اور احتساب سرفہرست ہیں۔ حکومتی ترجیحات کے حوالے سے تعلیم، صحت، سماجی بہبود، انفراسٹرکچر اور معاشی اصلاحات کو سب سے اہم قرار دیا گیا ہے۔
معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے سروے میں بتایا گیا کہ بے روزگاری، کرپشن، امن و امان، غربت اور مہنگائی نوجوانوں کے لیے سب سے بڑے مسائل ہیں۔ اگرچہ 17 فیصد نوجوانوں نے اپنی ذاتی مالی حالت میں بہتری کی نشاندہی کی، لیکن بڑی تعداد اب بھی معاشی دباؤ کا شکار ہے۔
سروے کے مطابق نوجوانوں میں سیاسی شعور اور شرکت میں اضافہ ہوا ہے، 70 فیصد نوجوان ووٹ ڈالنے کے خواہاں جبکہ 74 فیصد ووٹر لسٹ میں رجسٹرڈ ہیں۔ مجموعی طور پر رپورٹ میں نوجوانوں کے رویے کو "محتاط امید” قرار دیا گیا ہے، جس میں بہتری کے آثار تو موجود ہیں، مگر حکمرانی، احتساب اور معاشی نظم و نسق پر سنجیدہ کام کی فوری ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔



